مندرجات کا رخ کریں

سائی ما (جھیل)

آزاد دائرۃ المعارف، ویکیپیڈیا سے

سائی ما نامی جھیل جنوب مشرقی فن لینڈ میں واقع ہے۔ اس کا رقبہ تقریباً 4400 مربع کلومیٹر ہے اور یہ فن لینڈ کی سب سے بڑی جھیل ہے۔ پچھلے برفانی دور کے بعد گلیشئر کے پگھلنے سے یہ جھیل وجود میں آئی تھی۔ اس کے کنارے واقع بڑے شہروں میں لپین رنتا، ایماترا، ساوو لننا، میکیلی، ورکاؤس اور یوئن سُو شامل ہیں۔ وُو اوکسی دریا سائی ما کو جھیل لڈوگا سے ملاتا ہے۔ جھیل میں بہت سارے جزائر بھی موجود ہیں اور تنگ نہروں کی مدد سے جھیل کو کئی حصوں میں بانٹا گیا ہے۔ اس جھیل کے ہر بڑے حصے کو الگ سے بھی نام دیے گئے ہیں جو سُور سائی ما، اوری ویسی، ہاؤکُو ویسی، پِہلایا ویسی وغیرہ ہیں۔

جھیل کے کناروں کی کل لمبائی 15000 مربع کلومیٹر سے زیادہ ہے اور اس میں موجود جزائر کی تعداد 14000 سے زیادہ ہے۔

سائی ما نہر اس جھیل کو لپین رنتا کے راستے خلیج فن لینڈ سے ملاتی ہے۔ دوسری نہریں سائی ما کو مشرقی فن لینڈ کی دیگر جھیلوں سے ملاتی ہیں۔ ان نہری راستوں کی مدد سے لکڑی، معدنیات، دھاتیں، لکڑی کا گودا اور دیگر ساز و سامان کے علاوہ سیاحوں کی نقل و حمل کا بھی کام لیا جاتا ہے۔

میٹھے پانی کی نایاب اور معدومیت کے خطرے سے دوچار سیلیں جنہیں سائی ما رِنگڈ سیل کہا جاتا ہے، دنیا بھر میں صرف اسی جھیل میں پائی جاتی ہیں۔ سائی ما کی سامن مچھلی بھی یہاں رہتی ہے اور اسے بھی معدومیت کے خطرے کا سامنا ہے۔